حج میں ہیٹ سٹریس کے واقعات میں 90 فیصد کمی

جمعہ 6 جون 2025 11:42

حج میں ہیٹ سٹریس  کے واقعات میں 90 فیصد کمی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) سعودی وزارت صحت نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال حج سیزن کے دوران عازمین حج میں گرمی کے دباؤ (ہیٹ سٹریس ) کے واقعات میں 90 فیصد کمی ریکارڈ کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق وزارت صحت نے کہا کہ یہ کامیابی صحت کے نظام اور حکومتی اداروں کی ان مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے جو صحت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ سعودی عرب کے ویژن 2030کے تحت صحت کے شعبے کی تبدیلی کے پروگرام اور ضیوف الرحمن کی خدمت کے پروگرام کے اہداف کے مطابق ہے۔ ان پروگرامز کا مقصد عازمین حج کو بحفاظت اور صحت کے ساتھ مناسک ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔سعودی وزارت صحت نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کمی حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے، صحت سے متعلق آگاہی کو تیز کرنے اور صحت کے نظام اور حکومتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے نتیجے میں آئی ہے۔ ان اقدامات نے حجاج کرام کی صحت کو گرمی کے دباؤ سے بچانے اور انہیں آسانی اور اطمینان سے مناسک ادا کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔