ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے معروف فنکار قاضی واجد کل ان کی یاد میں برسی منائی جائے گی

پیر 10 فروری 2025 22:15

ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے معروف فنکار قاضی واجد کل ان کی یاد میں برسی منائی ..
جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2025ء)ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے معروف فنکار قاضی واجد کو جہان فانی سے رخصت ہوئے سات برس بیت گئے گیارہ فروری منگل کو ان کی یاد میں برسی منائی جائے گی۔ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر کئی یادگار کردار ادا کرنے والے قاضی واجد کا اصل نام قاضی عبدالواجد انصاری تھا۔ وہ 1943ء کو لاہور میں پیدا ہوئے انہوں نے 10 برس کی عمر میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور پہلی مرتبہ ریڈیو پاکستان پر بچوں کے پروگرام نونہال میں صدا کاری کے جوہر دکھائے۔

وہ 25 برس تک ریڈیو سے منسلک رہے اور اپنی شاندار صدا کاری سے سب کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا بعدازاں جب سن 60ء کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویڑن کا آغاز ہوا تو قاضی واجد اس سے منسلک ہو گئے۔قاضی واجد کو 1967ء میں ٹی وی سے پیشکش ہوئی ان کا ٹی وی کے لیے پہلا ڈرامہ ایک ہی راستہ تھا جس میں انہوں نے منفی کردار نبھایا تاہم سن 1969ء میں ڈرامہ ’خدا کی بستی‘ شروع ہوا تو اس میں قاضی واجد کو راجہ کا کردار ملا جس نے انھیں ملک بھر میں مشہور کردیا،دھوپ کنارے، ان کہی، تنہائیاں، حوا کی بیٹی، خدا کی بستی، چاند گرہن، پل دو پل، تعلیم بالغاں اور ’انارکلی میں یادگار کارکردگی پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

قاضی واجد 11 فروری 2018ء کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے کراچی میں انتقال کرگئے۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1988ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔