شبِ برات اللہ تعالیٰ کے قرب حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہی: اسپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 13 فروری 2025 23:25

شبِ برات اللہ تعالیٰ کے قرب حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہی: اسپیکر قومی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شبِ برات کے بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ مقدس رات اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور برکتوں سے بھرپور ہے۔ شبِ برات ہمیں توبہ، عبادت اور صلہ رحمی کا درس دیتی ہے، اور اس موقع پر ہمیں اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے نیکی اور بھلائی کے راستے پر گامزن ہونے کا عہد کرنا چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شبِ برات رحمت و مغفرت کی رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خصوصی کرم فرماتا ہے اور ان کی دعاؤں کو قبولیت بخشتا ہے۔ یہ رات ہمیں اللہ کے حضور عاجزی و انکساری کے ساتھ رجوع کرنے، اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے، اور معاشرتی ہم آہنگی، رواداری اور اخوت کو فروغ دینے کی تلقین کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس رات اپنی انفرادی و اجتماعی کوتاہیوں پر غور کرنا چاہیے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں۔

انہوں نے شبِ برات کی برکتوں سے حقیقی طور پر مستفید ہونے کے لیے عبادات کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے بھی عملی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس رات ایثار، ہمدردی اور صبر و تحمل کا درس دیتی ہے، جو ایک خوشحال اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شبِ برات ہمیں حقوق العباد کی اہمیت کو سمجھنے اور اپنی زندگی میں اصلاح کی راہ اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس رات اپنے اہل و عیال، عزیز و اقارب اور معاشرے کے نادار طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔ڈپٹی اسپیکر نے عوام سے اپیل کی کہ اس بابرکت رات میں وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کریں اور باہمی محبت، اخوت اور رواداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔