ڈی ایچ کیوہسپتال میں آگ پر قابو پانے والے 10 ملازمین کے اعزاز میں تقریب، نقد انعامات سے نوازا گیا

جمعرات 20 فروری 2025 21:48

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2025ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمشتاق بشیرعاکف نے گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں لگنے والی آگ کو فوری طور پربجھانے کیلئے جدو جہد کرنے ولے ہسپتال کے 10 ملازمین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا اور اُنہیں نقد انعامات سے بھی نوازا ۔ تفصیلات کے مطابق 3 روز قبل 18 فروری 2025ء کو گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں واقع فارمیسی کے عقب میں موجود سولر پینل سسٹم کے انورٹر میں آگ لگ گئی تھی اور دھواں پھیلنے سے ہسپتال میں بھگدڑ مچ گئی ،آگ کی اطلاع پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمشتاق بشیرعاکف ہسپتال کےعملہ کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچےاور انہوں نے ملازمین کو حکم دیا کہ ریسکیو ٹیموں کے انتظار کرنے کی بجائے آگ پر خود قابو پانے کی کوشش کی جائے، اس دوران ہسپتال کے ملازمین جاوید ہنی ، ابرار احمد ، منیر احمد ، سبطین فوجی ، ذیشان ، نوید اقبال ، حافظ سیف اللہ ، حماد اور خالد نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے آگ بجھانے کیلئے کوشش کی اور ہسپتال میں موجود آگ بجھانے والےآلات کا استعمال کیا اور10 منٹ کے وقت میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔

(جاری ہے)

آگ بجھانے کے اس عمل میں ایم ایس ڈاکٹر مشتاق بشیرعاکف بھی موقع پران کے ہمراہ موجود رہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مشتاق بشیرعاکف نے آگ بجھانے کےعمل میں حصہ لینے والے 10 ملازمین کے عزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا،جہاں اُنہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہیں نقد انعامات سے بھی نواز گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر نیئر عباس خان بلوچ، اے ایم ایس ڈاکٹرطارق محمود ، اے ایم ایس ڈاکٹر آصف شیخ ،سرجن ڈاکٹر ریاض احمد اور پی ایس او ٹو ایم ایس ڈاکٹر محسن عباس بھی موجود تھے ۔