ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس گلبرگ میں دو روزہ یوتھ گیمز کا آغاز ہوگیا

ہفتہ 22 فروری 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2025ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے )سپورٹس کمپلیکس گلبرگ میں دو روزہ یوتھ گیمز کا آغاز ہو گیا ،یوتھ گیمز (کل) اتوار کو بھی جاری رہیں گی۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق طلبا و طالبات میں صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ہے،یوتھ گیمز میں ان ڈور اور آئوٹ ڈور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یوتھ گیمز میں باسکٹ بال، والی بال، تھرو بال، ڈاج بال، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں،اسی طرح سنوکر، فٹ بال، شطرنج، ٹگ آف وار، ڈارٹس، تیر اندازی، کیرم، فٹ بال اور کراٹے سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔ ہفتہ کے روز ہونیوالے مقابلوں میں نجی سکولز، کالجز اور مختلف کلبوں کے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس گلبرگ کو فعال بنایا اوریوتھ گیمز کا انعقاد ڈائریکٹر سپورٹس ایل ڈی اے خرم یعقوب کی سربراہی میں کیا جا رہا ہے۔

شرکاء نے مقابلوں کے انعقاد پر ایل ڈی اے اور گولڈن اسپورٹس ایونٹس کی کاوشوں کو سراہا اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد سے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔