صنعت و تجارت سے متعلقہ ہر شعبہ کو چیمبر کے مرکزی دھارے میں لانے کے لئے سنجیدہ کوششیں جا ری ہیں،شاہد ممتاز

پیر 24 فروری 2025 17:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نائب صدرشاہد ممتاز باجوہ نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت سے متعلقہ ہر شعبے کو چیمبر کے مرکزی دھارے میں لانے کےلئے سنجیدہ کوششیں جا ری ہیں تاکہ ان کے متعلقہ مسائل کو حل کر کے وطن عزیز کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز تر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کاروباری و تجارتی شعبےسے منسلک افراد کے ایوان صنعت و تجارت کی رکنیت لینے سے چیمبر کے ممبران کی تعداد تقریباً 9ہزار ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف تمام شعبہ جات سے منسلک کاروباری افراد کو چیمبر کا رکن بننے کی ترغیب دی جا رہی ہے بلکہ تمام چھوٹی بڑی کاروباری تنظیموں کے ساتھ بھی براہ راست روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ ان کے مسائل کے حل اور ان کی کاروباری سرگرمیوں میں بہتری لانے کے لئے انہیں تمام بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فیصل آباد چیمبر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس کی تمام قائمہ کمیٹیوں میں تجربہ کار افراد کو بھر پور نمائندگی فراہم کی گئی ہے جن کی سفارشات پر عملدر آمد کرتے ہوئے بزنس فرینڈلی ماحول مرتب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر کاروباری طبقہ کو تمام سہولیات دستیاب ہوں گی تو وہ بہتر ماحول میں ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ صنعت و تجارت سے منسلک ہر شعبہ کو چیمبر کے مرکزی دھارے میں لانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ مختلف سیکٹرز کی مشکلات کا ایک ہی پلیٹ فارم پر باہمی مشاورت سے حل تلاش کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :