Live Updates

دہشت گردی پربھارت کا بیانیہ بری طرح پٹ گیا ہے،میاں زاہد حسین

مودی کسی ملک یاعالمی ادارے کی حمایت حاصل نہیں کرسکا ہے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

پیر 28 اپریل 2025 16:58

دہشت گردی پربھارت کا بیانیہ بری طرح پٹ گیا ہے،میاں زاہد حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ عالمی برادری میں پہلگام دہشت گردی پربھارت کا بیانیہ بری طرح پٹ گیا ہے۔

پاکستانی وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کے بعد بھارتی بیانیہ بری طرح فلاپ ہو گیا ہے اور بھارت بھرپورسفارتی کوششوں کے باوجود کسی بھی ملک یاعالمی ادارے سے پاکستان کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہلوا سکا ہے جبکہ اس کا میڈیا بھی ہرمحاذ پرناکام ہوگیا ہے۔ عالمی میڈیا نے بھی بھارتی واویلے کوگھاس نہیں ڈالی۔

(جاری ہے)

ناقص، متضاد اور بغیر شواہد الزامات کی وجہ سے بھارت کے اپنے صحافی، فوجی ماہرین، دانشور اور شہری بھی پہلگام واقعے پرشکوک وشبہات کا اظہارکررہے ہیں اورمسلسل سوال اٹھا رہے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نریندرمودی اوران کے انتہا پسند ساتھی اپنی نااہلی اورگرتی ساکھ کوبچانے کے لیے ایسی منفی حرکتیں کررہے ہیں مگرانھیں معلوم ہونا چاہیے کہ بھارت کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے جواپنی فوج کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیواربنی ہوئی ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بھارت خطے میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے مگرزمینی حقائق اس کی خواہشات کے برعکس ہیں۔ دنیا بھارت کے پروپیگنڈے کومسترد کرچکی ہے اوراب خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے مؤقف کوسنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ بھارت نہ پانی کا رخ موڑسکتا ہے اورنہ ہی پانی کوروک سکتا ہے اوراسے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سے بھی کچھ نہیں ملے گا مگر فوری طور پر پاکستان کی جانب سے ایئر سپیس بند ہونے سے بھارتی ہوا بازی کی صنعت کو 400 ملین ڈالر روزانہ کا نقصان ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ دو گھنٹے مسافت بھی بڑھ گئی ہے اس کے علاوہ عدم تحفظ کے احساس کی وجہ سے ٹورسٹ بھی انڈیا سے واپس جا رہے ہیں جبکہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ بھی خطرات کا شکار ہو چکی ہے اور پہلگام ڈرامہ بھارت کے گلے پڑ گیا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ اگرپہلگام دہشت گردی کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی کمیشن بنایا جائے توبھارت کا مکروہ چہرہ ساری دنیا کے سامنے آجائے گا اس لیے مودی زہرکا پیالہ توپی سکتا ہے مگربین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کے قیام پرآمادہ نہیں ہوگا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ بھارت پاکستان پرحملے کی غلطی کسی صورت میں نہیں کرے گا۔ اگربھارت نے مہم جوئی کی غلطی کی توپھرپاکستان کے جواب کوتاریخ ابی نندن کی طرح یاد رکھے گی۔

اللہ کے فضل و کرم سے پاکستانی قوم اورمسلح افواج ہرطرح کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان کیامن کی خواہش کوکمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن مودی سرکارکی پہلی واردات نہیں، مودی کی پوری سیاست مسلمان دشمنی، پاکستان دشمنی اورمذہبی انتہا پسندی پرمبنی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اپنی سیاست کیلئے جنگی عزائم اورمذہب کا کارڈ استعمال کرنا مودی کا طرزعمل ہے اوراس کی احمقانہ حرکتوں نے بھارت کوبند گلی میں کھڑا کردیا ہے۔

عالمی اداروں اوربڑی طاقتوں کی خاموشی بھی اب ٹوٹنے کے قریب ہے کیونکہ جھوٹ کی بنیاد پرپروپیگنڈا زیادہ دیرتک نہیں چلایا جا سکتا۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ جھوٹے الزامات کے ذریعے بھارت اپنی ناکامیوں پرپردہ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔ اب عالمی برادری بھارت کی منفی مہم کومسترد کرکے پاکستان کے مؤقف کوزیادہ اہمیت دے رہی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات