بینکوں کے ڈیپازٹس، قلیل المدتی قرضوں اورسرمایہ کاری(سٹاک) میں جنوری کے دوران اضافہ

بدھ 26 فروری 2025 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2025ء) بینکوں کے ڈیپازٹس، قلیل المدتی قرضوں اورسرمایہ کاری(سٹاک) میں جنوری کے دوران سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جنوری میں بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 31003ارب روپے ریکارڈکیاگیا ہے جوگزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 12.6فیصدزیادہ ہے،گزشتہ سال جنوری میں بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 27541ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا،دسمبرکے مقابلہ میں جنوری میں بینکوں کے ڈیپازٹس میں ماہانہ بنیادں پر2.4فیصدکی نموریکارڈکی گئی، دسمبرمیں بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 30283ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جنوری میں بینکوں کے قلیل المدتی قرضوں کاحجم 14728ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 21.8فیصدزیادہ ہے،گزشتہ سال جنوری میں بینکوں کے قلیل المدتی قرضوں کاحجم 12095ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا،دسمبرکے مقابلہ میں جنوری میں بینکوں کے قلیل المدتی قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر8فیصدکی کمی ہوئی ہے، دسمبرمیں قلیل المدتی قرضوں کاحجم 16009ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2025میں بینکوں کی سرمایہ کاری(سٹاک) کاحجم 30023ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 17.3فیصدزیادہ ہے۔گزشتہ سال جنوری میں بینکوں کی سرمایہ کاری کاحجم 25603ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔