امریکی ایف ڈی اے کی ZYN نکوٹین پاچز کی منظوری: پاکستان کیلئے تمباکو نوشی سے نمٹنے کا موقع

منگل 4 مارچ 2025 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2025ء)امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے ZYN نکوٹین پاچز کو مارکیٹنگ کی اجازت دے دی ہے، جس سے تمباکو نوشی سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے (Tobacco Harm Reduction - THR) کی حکمت عملی کو مزید تقویت ملی ہے۔ یہ اہم فیصلہ وسیع سائنسی جائزے پر مبنی ہے جس سے پاکستان کے لیے بھی تمباکو نوشی سے ہونے والے نقصانات سے متعلق اپنی سخت پالیسیوں پر نظرثانی ناگزیر بنا دیا ہے، خاص طور پر جب ملک میں تمباکو نوشی کی شرح خطرناک حد تک بلند ہے۔

پاکستان میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد تمباکو نوشی کے عادی ہیں، اور ہر سال 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد سگریٹ نوشی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں۔ موجودہ پالیسیوں کے باوجود تمباکو نوشی میں کمی نہیں آ رہی، اور بہتر متبادل کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایف ڈی اے کے سینٹر فار ٹوبیکو پروڈکٹس کے دفترِ سائنس کے پی ایچ ڈی، ڈائریکٹر، میتھیو فیریلی کا کہنا ہے کہ ''مارکیٹنگ کی اجازت حاصل کرنے کے لیے، ایف ڈی اے کو اس بات کے کافی شواہد درکار ہوتے ہیں کہ نئی مصنوعات مجموعی عوامی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔

اس کیس میں، ڈیٹا سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ نکوٹین پاچز وہ تمام معیار کو پورے کرتے ہیں جو بالغ افراد کو سگریٹ چھوڑ کر مکمل طور پر ان مصنوعات پر منتقل ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جس سے صحت کے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔'' پاکستان میں ZYN نکوٹین پاچز دستیاب تو ہیں، مگر وہ ایک غیر واضح قانونی حیثیت میں موجود ہیں۔ واضح قوانین کی عدم موجودگی کی وجہ سے صارفین کو ان کی کوالٹی اور حفاظت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ پاکستان ایک واضح ریگولیٹری فریم ورک متعارف کرائے تو اس سے نہ صرف مصنوعات کی درست لیبلنگ اور ذمہ دارانہ مارکیٹنگ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ بالغ تمباکو نوشوں کے لیے ایک کم نقصان دہ متبادل کو بھی عام کیا جا سکتا ہے۔