سرحد چیمبر اور نجی ادارے ای نیبلرز”Enablers“کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

منگل 11 مارچ 2025 23:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نجی ادارے اینیبلرز”Enablers“کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد چیمبر کے ممبران اور کاروباری مرد و خواتین کو اپنی مصنوعات کو ملکی و بین الاقوامی طور پر اجاگر و فروغ کے لئے ای کامرس کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

دونوں جانب سے بزنس کمیونٹی / کاروباری حضرات کی مختلف ٹیکنالوجی و سکلز کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے مشترکہ تربیتی ورکشاپ اور پروگراموں / آگاہی سیشن کے انعقاد پر اتفاق ہوا ہے جبکہ آن لائن کاروبار و ترقی کے لئے بھی دونوں ادارے مل کر کام کریں گے۔معاہدے کے تحت ای نبیلرز ٹریننگ پروگرام کے انعقاد کے بارے میں 40 سے 50فیصد تک رعایت کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق باہمی مفاہمت کی یادداشت پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان اور ہیڈ آف ای نیبلرزپشاور کیمپس کی نوشین نے سرحد چیمبر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دستخط کئے۔اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان ٗ نائب صدر شہریار خان ٗ سینئر ممبران سمیت سرحد چیمبر کے سیکرٹری جنرل مقتصد احسن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ای نیبلرز کے افسران نے سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان کو اپنے ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور معاہدہ کے مختلف اغراض و مقاصد کو بیان کیا۔سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے معاہدے کو ای کامرس / کاروبار کی ترقی کے لئے اہم قدم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں ای کامرس اور کاروبار و تجارت کی اہمیت کافی بڑھ چکی ہے اور آن لائن بزنس کے فروغ و ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے مزید کہا کہ مقامی مصنوعات کو عالمی سطح پر بہتر انداز میں اجاگر و ترقی کے لئے جدید و نت نئے طریقوں کا استعمال ناگزیر ہوچکا ہے۔انہوں نے کاروباری طبقہ و نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ دور حاضر کے نئے طریقوں سے اپنے آپ کو روشناس کریں تاکہ کاروبار و مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں فروغ اور مانگ میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سرحد چیمبر اور اینیبلرز کے درمیان معاہدے سے ممبران اور مر د و خواتین کاروباری حضرات کو نت نئے طریقوں سے مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے استعمال کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔