Live Updates

جعفر ایکسپریس حملہ، تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیے جانے کی اطلاعات

کلیئرنس آپریشن کے دوران 190 یرغمال مسافروں کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے رہا کروا لیا

muhammad ali محمد علی بدھ 12 مارچ 2025 19:29

جعفر ایکسپریس حملہ، تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیے جانے کی اطلاعات
مچھ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 مارچ 2025) جعفر ایکسپریس حملہ، تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیے جانے کی اطلاعات، کلیئرنس آپریشن کے دوران 190 یرغمال مسافروں کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے رہا کروا لیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں بشمول عورتوں اور بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا، موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بازیاب کرائے گئے بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، اس سے پہلے 190 مسافروں کو بازیاب کروایا جاچکا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کلیئرنیس آپریشن کے دوران انتہائی احتیاط اور مہارت کا مظاہرہ کیا گیا اور معصوم جانیں بچائی گئیں، تاہم پہلے سے دہشتگردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے کچھ شہید مسافروں کی تعداد کا تعین کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ، دہشت گردوں نے خودکش بمباروں کو یرغمالی مسافروں کے پاس بٹھایا ہوا تھا اور خودکش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹس پہنے ہوئے تھے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد اپنے بیرون ملک ہینڈلرز سے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں تھے اور فورسز کے آپریشن کے باعث چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے تھے۔ جبکہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کالعدم بی ایل اے تشدد اور بندوق کے زور پر نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے ، کون ہے جو قتل وغارت کررہا ہے ہم کیوں ان کا نام نہیں لیتے؟جو ریاست توڑنے کی بات کرے گا ہم اس کا قلع قمع کریں گے،بلوچستان کیلئے کوئی بھی قدم اٹھانا ہے حکومت اس کے ساتھ ہوگی۔
Live جعفر ایکسپریس حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات