وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا فٹبالر محمد ریاض کو سرکاری کوچ بھرتی کرنے کا اعلان

محمد ریاض جیسے لوگ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی قدر کریں گے : علی امین گنڈا پور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 مارچ 2025 11:45

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا فٹبالر محمد ریاض کو سرکاری کوچ بھرتی کرنے ..
پشاور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 مارچ 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے فٹبالر محمد ریاض کو سرکاری کوچ بھرتی کرنے کا اعلان کر دیا۔ 
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکی دعوت پر فٹ بالر محمد ریاض سی ایم ہاؤس آئے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے فٹبالر کو فٹ بال کا سرکاری کوچ بھرتی کرنے کا اعلان کیا۔ 
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے فٹبالر محمد ریاض کو10 لاکھ روپے کاچیک بھی دیا، انہوں نے کہا کہ محمد ر یاض جیسے لوگ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی قدر کریں گے۔

 
واضح رہے کہ ہنگو سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ محمد ریاض 2018ء کے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور 2013ء سے 2019ء تک 14 میچز میں 2 گول سکور کیے ہیں لیکن آج وہی قومی ہیرو اپنی گزر بسر کے لیے جلیبیاں تلنے پر مجبور ہے۔

(جاری ہے)

 

فٹ بالر محمد ریاض کی حلوائی کی دکان پر کام کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ نے انہیں وزیراعلیٰ ہاؤس بلایا تھا۔
یہ کہانی صرف محمد ریاض ہی کی نہیں بلکہ پاکستان کے کئی دیگر قومی فٹبالرز اور ہاکی کھلاڑی بھی اسی کربناک صورتحال کا شکار ہیں۔ 
وہ کھلاڑی جو کبھی ملک کا نام روشن کرنے کا خواب دیکھتے تھے، آج اپنے ہی ملک میں بے یارو مددگار ہوچکے ہیں۔