ایس ای سی پی نے کانسپٹ نوٹ جاری کرتے ہوئے این بی ایم ایف سی کے لیے منفرد ریگولیٹری فریم ورک کی تجویز دی

بدھ 19 مارچ 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایک کانسپٹ نوٹ جاری کیا ہے، جس میں NBFCکمپنیوں کے فریم ورک میں ترامیم کی تجویز دی گئی ہے۔ ان مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد NBFCسروسز کو این بی ایف سی فریم ورک کے اندر ایک منفرد کاروباری شکل کے طور پر متعارف کرانا ہے، تاکہ مائیکروفنانس سے وابستہ اداروں کے لیے وضاحت فراہم کی جا سکے۔

مجوزہ ترامیم کا مقصد NBFCکے وسیع ڈھانچے کے تحت مائیکروفنانس سروسز کے لیے ایک واضح اور منفرد ریگولیٹری فریم ورک قائم کرنا ہے۔ نان بینکنگ مائیکروفنانس سروسز کو ایک علیحدہ کیٹیگری کے طور پر تسلیم کرنے سے کمیشن کو ایسے مخصوص ضوابط متعارف کرانے میں مدد ملے گی جو مائیکروفنانس اداروں کی منفرد ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کر سکیں۔

(جاری ہے)

یہ تفریق نہ صرف تعمیلی عمل کو آسان بنائے گی اور ریگولیٹری پیچیدگیوں کو کم کرے گی بلکہ مائیکروفنانس اداروں کو اس قابل بھی بنائے گی کہ وہ کمزور اور غیر مستفید طبقات کی موثر انداز میں خدمت کر سکیں۔

سرمایہ کاری فنانس سروسز، صرف ڈیجیٹل ماڈل، اور مائیکروفنانس لائسنسوں کے درمیان پایا جانے والا اشتراک لازمی تقاضوں اور عملی دائرہ کار کے اطلاق کے حوالے سے ابہام پیدا کرتا ہے۔ جیسے جیسے ڈیجیٹل قرضہ دینے کا رجحان بڑھ رہا ہے، یہ ضروری ہوتا جا رہا ہے کہ ریگولیٹری ڈھانچے میں مائیکروفنانس سروسز کو واضح طور پر الگ کیا جائے، تاکہ ان دونوں قرضہ جاتی شعبوں کی منفرد ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکے۔ایس ای سی پی نے متعلقہ فریقین کو ترغیب دی ہے کہ وہ کانسپٹ نوٹ کا جائزہ لیں اور مجوزہ ترامیم پر رائے دیں، تاکہ ریگولیٹری ڈھانچے کو شعبے کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنایا جا سکے۔