بڑھتی ہوئی بیروزگاری کے پیش نظر نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے،عمران پاشا

جمعرات 20 مارچ 2025 17:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور برین ڈرین کی صورتحال کے پیش نظر نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ تربیت یافتہ نوجوان نسل ان صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین آمدن حاصل کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے جامعہ زرعیہ میں ”تحقیق، ہنر اور انٹرپرینیورشپ کا معاشرتی فلاح و بہبود میں کردار“ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ کا اہتمام پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر،فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسزجامعہ زرعیہ نے بزنس انکیوبیشن سینٹر اور نیشنل انکوبیشن سنٹر کے اشتراک سے کیا تھا۔ شرکاسے خطاب کرتے ہوئے ڈین فوڈسائنسز ڈاکٹر عمران پاشا نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک بھی عوامی سطح پر سو فیصد ملازمتیں فراہم نہیں کر سکتے اس کیلئے وہ نوجوان نسل میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہوئے انٹرپرینیورشپ کی طرف راغب کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے محققین کو اپنے کام کے وسیع تر سماجی ترقی کے ثمرات پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ محققین کے طور پر ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمارے تحقیقی امور سے معاشرے میں خوشحالی کی نئی راہیں مرتب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کاروباری شخص اپنی تحقیق کو آسانی سے تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کر سکتا ہے۔

ڈائریکٹر بزنس انکوبیشن سنٹر ڈاکٹر افتخار احمد نے اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنے میں بزنس انکوبیشن سنٹر کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بزنس انکوبیشن اسٹارٹ اپس کو بڑھنے کے لیے ایک معاون ماحولیاتی نظام فراہم کرتا ہے اور ہم نئے سٹارٹ اپس کو وسائل اور مہارت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جس سے ان کی کامیابی یقینی بنائی جا سکے۔ بزنس انکوبیشن سنٹر کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے تمام ضروریات سے لیس ماحول فراہم کر رہا ہے۔

این آئی سی کے پروگرام منیجر ایمن شاہد نے مزید کہا کہ جدت کے ساتھ اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے انٹرپرینیورشپ بہت اہم ہے۔ ڈاکٹر کامران شریف نے کہا کہ ورکشاپ کا مقصد محققین اور کاروباری افراد کو تحقیق اور اختراع کی پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لیے ضروری مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنا ہے جبکہ سماجی ذمہ داری اور معاشرے کی تعمیر کی اہمیت پر بھی زور دینا ہے۔ورکشاپ میں ڈاکٹر رانا محمد عادل نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :