آئندہ ڈیڑھ ماہ میں قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 15نئی فیکٹریاں 2سال میں پروڈکشن شروع کر دیں گی،چوہدری شافع حسین

جمعرات 20 مارچ 2025 17:33

آئندہ ڈیڑھ ماہ میں قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 15نئی فیکٹریاں 2سال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے انڈسٹریل سٹیٹس سے رئیل سٹیٹ مافیا کا خاتمہ کیا،صنعتی مراکز میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا،کاروباری سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی سمیت صنعتکاروں کے جائز مسائل حل کئے ،انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل کئے گئے پلاٹوں پر صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ منسوخ کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے اعزاز میں یہاں مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیاجس میں سینئر صحافیوں،پاکستان مسلم لیگ کے بیٹ رپورٹرز اور کامرس رپورٹرز نے شرکت کی۔پاکستان مسلم لیگ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عمر بشیر،سیکرٹری اطلاعات پنجاب علی عمران،لاہور کے جنرل سیکرٹری ندیم پہلوان،پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا سرور اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے گزشتہ ایک سال میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کیلئے نئی سرمایہ کاری ناگزیر ہے،حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب میں نئے کارخانے لگ رہے ہیں،اگلے ڈیڑھ ماہ میں قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 15نئی فیکٹریاں لگنے جارہی ہیں اور یہ فیکٹریاں 2سال میں پروڈکشن شروع کر دیں گی،فارماسیوٹیکل کے کارخانے بھرپور پروڈکشن میں ہیں،فارماسیوٹیکل کی نئی انڈسٹری بھی لگ رہی ہے۔

صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ پنجاب میں اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری آرہی ہے، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار کو بہتر کیا گیا،مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر فوکس کیا گیا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ گزشتہ ایک سال میں 100سے زائد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں سے مل چکا ہوں،متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی ہے جبکہ پہلے سے موجود کمپنیاں پنجاب میں اپنی سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے اربوں روپے کی بلاسود قرضوں کی سکیمیں شروع کی ہیں جن کے تحت 10لاکھ سے 3کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دئیے جارہے ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ذمہ دارانہ صحافت جمہوری معاشرے کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے،حکومت اور میڈیا کے درمیان بہتر روابط سے عوام کو بروقت اور درست معلومات حاصل ہوتی ہیں،صحافیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔