ڈڈیال میں مسلح نقاب پوش ڈاکوؤں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے،چوہدری محمد شبیر

جمعرات 20 مارچ 2025 17:36

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء)سینئر نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ چوہدری محمد شبیر نے ڈڈیال کے شہریوں کو کلرسیداں کے قریب لوٹنے اور تشدد کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد جموں وکشمیر سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ مسلح نقاب پوش ڈاکوؤں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور حکومت آزاد جموں وکشمیر اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کو وطن واپسی پر سکیورٹی فورسز فراہم کرے جو ان کو تحفط دیں آئے روز اوورسیز کو وطن واپسی پر گن پوائنٹ پر لوٹنا اور تشدد کرنا معمول بن چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سے مل کر حکومت آزاد جموں وکشمیر فوری طور پر اپنا ائیرپورٹ تعمیر کرے مسافروں کو گن پوائنٹ پر لوٹنا اور تشدد کا نشانہ بنانا سنگین جرم ہے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد جموں وکشمیر حمزہ طارق اور سکول ٹیچر عبدالرحمن شاہد کے اہلخانہ کی فوری طور پر داد رسی کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایسے واقعات قانون کی حکمرانی کو چیلنج کرتے ہیں بلکہ لوگوں کی جان ومال کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں مسافروں کو آئے روز تشدد کرنا گن پوائنٹ پر لوٹنا،زدوکوب کرنا انتہائی سنگین جرم ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اس طرح کے واقعات کے تدراک کے لئے حکومتی سطح پر فوری اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فعال کارروائیاں ضروری ہیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ایسے جرائم کو روکا جا سکے۔