میزان بینک اور این ای ڈی یونیورسٹی کے درمیان سینٹر فار اسلامک فنانس اینڈ فنٹیک متعارف کرانے کا معاہدہ

جمعرات 20 مارچ 2025 17:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء) پاکستان کے معروف اسلامی بینک میزان بینک اور این ای ڈی یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے این ای ڈی یونیورسٹی میں سینٹر فار اسلامک فنانس اینڈ فنٹیک (CIFFT)کے قیام کیلئے ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر علی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرسروس حشمت لودھی نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی میں تختی کی نقاب کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر اسلامک فنانس اور فن ٹیک کی ترقی کیلئے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیاگیا۔اس اسٹرٹیجک شراکت داری کا مقصد اسلامک فنانس اور فنٹیک کے شعبے میں گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی لیولز پر اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی کے پروگرام متعارف کراناہے۔

(جاری ہے)

یہ سینٹر تحقیق، کیس اسٹڈیز، انسانی سرمائے کی ترقی اور دیگر متفقہ سپورٹ اقدامات کے ذریعے انڈسٹری کی ترقی میں حصہ ڈالے گا۔ معاہدے کے حصے کے طورپرمیزان بینک تکنیکی مدد، کنٹینٹ ڈیولپمنٹ اور تحقیقی مہارت سمیت جامع سپورٹ فراہم کرے گا۔ بینک پاکستان میں مستقبل کے انجینئرز اور STEMگریجویٹس میں اسلامک فنانس اورفن ٹیک کے بارے میں آگاہی پیداکرنے کیلئے سمینارزاور اسپیکر سیشنز کا بھی انعقاد کرے گا۔

اس کے علاوہ میزان بینک تعلیمی پروگراموں، پیشہ ورانہ تربیت اور تحقیقی اقدامات کے ساتھ ساتھ کیس اسٹڈیز کی ڈیولپمنٹ میں بھی سپورٹ فراہم کرے گا۔ اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر علی نے این ای ڈی یونیورسٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس شراکت داری کے ذریعے این ای ڈی یونیورسٹی کی تکنیکی مہارت اور اسلامک بینکنگ میں میزان بینک کی قائدانہ صلاحیت ابھرتے ہوئے اسلامک فن ٹیک سیکٹر میں انوویشن کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔

یہ شراکت داری انڈسٹری کے مستقبل کی تشکیل میں ایک محرک قوت کے طورپر پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔ ہمیں امید ہے کہ سینٹر فار اسلامک فنانس اینڈ فنٹیک کا آغاز تحقیق پر مبنی سلوشنزکی ترقی کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامک فنانس اور ٹیکنالوجی کے درمیان خلا کو ختم کرے گا۔ یہ شراکت داری اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ایک اہم قدم کی عکاسی ہے جو پاکستان کے اسلامک فنانس سیکٹر میں کی ترقی میں معاون ہے۔