ایس ای سی پی نے پائیدار مالیاتی مشاورتی گروپ تشکیل دے دیا

جمعرات 20 مارچ 2025 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان کے سرمائے کی منڈیوں میں پائیداری کو آگے بڑھانے کے مقصد سے اہم پالیسی اصلاحات پر سٹریٹجک رہنمائی فراہم کرنے کے لئے ایک پائیدار مالیاتی مشاورتی گروپ قائم کیا ہے۔ ایس ای سی پی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مشاورتی گروپ مالیاتی شعبے کے اندر پائیداری، موسمیاتی لچک اور صنفی شمولیت کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔

توجہ کے کلیدی شعبوں میں سرمائے کی منڈیوں میں پائیداری اور موسمیاتی تبدیلی کو مربوط کرنا، صنفی لحاظ سے جامع مالیات کو آگے بڑھانا، پائیدار سرمایہ کاری کی مصنوعات کو فروغ دینا اور پائیداری رپورٹنگ کے معیارات کو اپنانے میں مدد کرنا شامل ہوگا۔

(جاری ہے)

مشاورتی گروپ پاکستان کے اقتصادی مستقبل کی طویل مدتی لچک اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو بھی آسان بنائے گا۔

پائیدار مالیاتی مشاورتی گروپ فرخ ایچ سبزواری، احسان ملک، سیف اللہ، شفق فوزیل عظیم، اسد حامد خان، ایشیائی ترقیاتی بینک، بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن اور یو این ویمن کے نمائندوں اور مسرت جبین پر مشتمل ہے جو مشاورتی گروپ کے کنوینئر کے طور پر خدمات انجام دیں گی۔اس مشاورتی گروپ کی تشکیل پائیدار طریقوں کو فروغ دینے اور پاکستان کی سرمائے کی منڈیوں کو بین الاقوامی بہترین طریقوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لئے ایس ای سی پی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :