ڈپٹی کمشنر ہری پور کا آغوش الخدمت فاؤنڈیشن کا دورہ ، بچوں میں عید کے کپڑے تقسیم کئے

جمعہ 21 مارچ 2025 14:50

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر ہری پور شوزب عباس نے آغوش الخدمت ہری پور کا دورہ کیا اور یتیم بچوں میں عید کے کپڑے تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہری پور(I) شہریار خان، عبدالرزاق ملک ممبر قائمہ کمیٹی الخدمت صوبہ ہزارہ، صدر الخدمت عبدالمالک، جنرل سیکرٹری عثمان سراج، سابقہ صدر الخدمت خالد ریاض، ایڈمنسٹریٹر آغوش عقیل الرحمان اور انفارمیشن سیکرٹری عقیل احمد اعوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ہری پور نے مہمانوں کے ہمراہ آغوش الخدمت اور الخدمت اسکول کا دورہ کیا اور بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیمی و رہائشی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے آغوش انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔ڈپٹی کمشنر نے آغوش کے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ یتیم اور نادار بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔تقریب کے دوران بچوں میں عید کے نئے کپڑے تقسیم کیے گئے، جس پر بچوں کے چہروں پر خوشی کے رنگ بکھر گئےمہمانوں نے بھی بچوں سے گفتگو کی اور ان کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے۔\378