خانہ کعبہ کی چھت میں دنیا کے نایاب ترین سنگ مرمرکااستعمال

ہمیشہ سے ہی مسجد الحرام کی تعمیر کے لیے جدید ترین وسائل استعمال کرنے پر توجہ دی،انتظامیہ

اتوار 23 مارچ 2025 15:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء)سعودی عرب کے ادارہ برائے امور الحرمین نے کہاہے خانہ کعبہ کی چھت 145 مربع میٹر ہے جس کی تیاری میں انتہائی نادر و نایاب قسم کا سنگِ مرمر استعمال کیا گیا ہے جو دن میں ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ادارہ برائے امور الحرمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام کی تعمیر و توسیع کے بارے میں مملکت کی قیادت خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی قیادت نے ہمیشہ سے ہی مسجد الحرام کی تعمیر کے لیے جدید ترین وسائل استعمال کرنے پر توجہ دی ہے۔ خانہ کعبہ کی چھت سے لیکر ستون اور دیواروں تعمیر انتہائی منفرد انداز میں کی گئی ہے۔چھت پر نصب سنگِ مرمر دنیا کا نایاب ترین پتھر ہے جس کی خاصیت یہ ہے کہ رات کو یہ رطوبت کو جذب کر لیتا ہے اور دن کو جب سورج کی تپش ہوتی ہے تو یہ رات کو جذب کی ہوئی رطوبت کو رفتہ رفتہ خارج کرتا ہے جس کی وجہ سے چھت اور کعبے کے اندر کا ماحول گرم نہیں ہوتا۔