کانگریس کی وقف ترمیمی بل کی مذمت ، اسے بھارتی آئین پر حملہ قرار دیا

یہ بی جے پی کی حکمت عملی ، اقلیتی برادریوں کی روایات و اداروں کو بدنام کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے،بیان

اتوار 23 مارچ 2025 15:45

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء)بھارت میں کانگریس نے وقف ترمیمی بل 2024 کی شدید مذمت کی اور اسے بھارتی آئین پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی ملک کی سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بل بی جے پی کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پروپیگنڈہ پھیلا کر اورتعصب پیدا کرکے اقلیتی برادریوں کو بدنام کرناہے۔

(جاری ہے)

رمیش نے بل کو سنگین خامیوں پر مبنی قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ ان آئینی دفعات کو نقصان پہنچاتا ہے جو مذہب سے قطع نظر تمام شہریوں کیلئے مساوی حقوق کی ضمانت دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقف ترمیمی بل بی جے پی کی حکمت عملی کا حصہ ہے اور ہمارے منفرد کثیر مذہبی معاشرے میں صدیوں پرانے سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوشش ہے۔کانگریس رہنمانے کہا کہ یہ بی جے پی کی حکمت عملی اور اقلیتی برادریوں کی روایات اور اداروں کو بدنام کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے تاکہ ہمارے معاشرے کو انتخابی فوائد کیلئے مستقل طورپر تقسیم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :