ابوظہبی کا پہلا ایئر کنڈیشنڈ آؤٹ ڈور واک وے

پیدل چلنے والوں کیلئے تپتی دھوپ میں بھی ٹھنڈک کا باعث بن گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 مارچ 2025 15:34

ابوظہبی کا پہلا ایئر کنڈیشنڈ آؤٹ ڈور واک وے
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ 2025ء ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں لوگوں کو گرمی سے بچانے کیلئے حال ہی میں پہلی ایئر کنڈیشنڈ آؤٹ ڈور راہداری بنائی گئی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق المعمورہ کے علاقہ میں کیفے اور دفاتر کی ایک قطار کے ساتھ 70 میٹر طویل واک وے پیدل چلنے والوں کو گرمیوں میں ٹھنڈک کا احساس فراہم کرتا ہے، ایک سال کے ڈیزائن اور تعمیر کے بعد محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ (DMT) کے ذریعے پچھلے سال دسمبر کے آخر میں کھولا جانے والا ابوظہبی ایئر کنڈیشنڈ آؤٹ ڈور واک وے سال بھر پیدل چلنے والوں کے لیے مزید تجربات کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ ہے، سایہ دار گزرگاہ میں فرش کے نیچے بلٹ ان کولنگ سسٹم، شور کم کرنے والی دیواریں اور ایک چھت ہے جو گرمی کو کم کرتے ہوئے سورج کی روشنی کو فلٹر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ایم ٹی میں اربن ڈیزائن ڈویژن کی ڈائریکٹر حمدہ الہاشمی نے کہا کہ "اس منصوبے کا ہر ایک پہلو ایک مقصد کے لیے کام کرتا ہے، چھت ٹھنڈے ماحول کو برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہوئے قدرتی روشنی میں مدد دیتی ہے، دیواروں کو بیرونی شور کو روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا اور فرش میں کولنگ سسٹم پیدل چلنے کو زیادہ آرام دہ بناتا ہے، ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے تھے کہ راہداری ناصرف فعال ہو بلکہ یہ اسے استعمال کرنے والے ہر شخص کے لیے آرام دہ بھی ہو، اس لیے ہماری اندرون خانہ آرکیٹیکٹس اور لینڈ سکیپ ڈیزائنرز کی ٹیم نے احتیاط سے ڈیزائن تیار کیا"۔

انہوں نے بتایا کہ "اس منفرد کولنگ سپیس کا تصور ابوظہبی کی قیادت کی جانب سے سامنے آیا، جس کا مقصد شہر کو خاص طور پر گرمیوں کے دوران پیدل چلنے والوں کے لیے قابل اور آرام دہ بنانا ہے، ہم نے دوحہ جیسی جگہوں پر اسی طرح کے تصورات دیکھے ہیں لہذا ہم جانتے ہیں یہ طریقہ کارآمد ثابت ہو سکتا ہے، اس کے لیے المعمورہ کو پہلی جگہ کے طور پر منتخب کیا گیا کیوں کہ وہاں پہلے ہی قریبی دفاتر اور رہائشی علاقوں سے پیدل چلنے والوں کا ایک مستقل بہاؤ ہے، ایک مصروف جگہ ہے جہاں لوگ اکثر کیفے اور ورک سپیس کے درمیان چلتے ہیں، یہ مقام ہمیں اس بات کی نگرانی کرنے کی اجازت دیتا ہے کہ راہداری سال بھر کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے، اس سے پہلے کہ ہم ممکنہ طور پر دوسرے علاقوں تک اس منصوبے کو توسیع دیں"۔

حمدہ الہاشمی کا کہنا ہے کہ "اس مقام کا انتخاب انہیں توسیع پر غور کرنے سے پہلے درکار قیمتی ڈیٹا جمع کرنے کی اجازت سہولت دیتا ہے، ہماری توجہ اب اس کے اثرات کا مطالعہ کرنے پر ہے، اگر ہم مزید راہداریوں کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں تو انہیں پیدل چلنے والوں کے مصروف علاقوں میں رکھا جائے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ کمیونٹی کی مؤثر طریقے سے خدمت کرتے ہیں، یہ پہلا واک وے روایتی کولنگ سسٹم پر کام کرتا ہے، ہم شمسی توانائی اور دیگر ماحول دوست ٹیکنالوجیز پر بھی غور کر رہے ہیں، پائیداری یقینی طور پر ایک ترجیح ہے، ہم قابل تجدید توانائی اور اضافی سبز ڈیزائن عناصر کو مستقبل کی راہداریوں میں استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں"۔