بائولرز کے بعد کیوی بیٹرز کا شاندار کھیل ، پانچواں ٹی ٹونٹی بھی نیوزی لینڈ کے نام

میزبان ٹیم نے 129 رنز کا ہدف 2 وکٹوں پر پورا کرلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 مارچ 2025 14:03

ویلنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 مارچ 2025ء ) سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 
ویلنگٹن میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بناسکی، اوپنرز پاکستان کو جارحانہ آغاز دینے میں ناکام رہے، حسن نواز ایک مرتبہ پھر صفر جبکہ محمد حارث 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

 
دیگر کھلاڑیوں میں عمیر بن یوسف اور محمد عثمان 7، 7، عبدالصمد 4، جہانداد خان 1، سفیان مقیم صفر پر پویلین روانہ ہوئے جبکہ شاداب خان نے 28 اور کپتان سلمان آغا 51 رنز کی اننگز کھیلی، انکے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 5، جیکب ڈفی نے 2 جبکہ بین سیئرز اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

 
اوپنرز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہدف محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 10ویں اوور میں حاصل کرلیا، اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 93 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم فن ایلن 27 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے، بعدازاں مارک چیپ مین بھی 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ 
میچ کے ہیرو ٹم سیفرٹ 93 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 10 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

 
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 
 قبل ازیں کیوی ٹیم کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں فتح کیساتھ سیریز کا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی کی جگہ محمد علی اور ابرار احمد کی جگہ سفیان مقیم کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں فتح حاصل کریں اور پھر ون ڈے سیریز جیتیں۔