بھارت، چھکا لگانے کے بعد بلے باز دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

بلے باز ہرجیت سنگھ چھکا لگانے کے بعد پچ پر گھٹنوں کے بل بیٹھا اور پھر اچانک گر گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 جون 2025 10:21

بھارت، چھکا لگانے کے بعد بلے باز دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا
فیروزپور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جون 2025ء ) کرکٹ میچ کے دوران بلے باز چھکا لگانے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا جس کی افسوسناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ 
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بیٹر چھکا لگانے کے بعد چند سیکنڈز بعد جان کی بازی ہار گیا۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق وائرل ویڈیو بھارتی ریاست پنجاب کے شہر فیروز پور کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بیٹر چھکا لگانے کے بعد موت کے منہ میں چلا گیا۔

(جاری ہے)

 
رپورٹ کے مطابق بلے باز کی شناخت ہرجیت سنگھ کے نام سے ہوئی، کھلاڑی فیروز پور کے ڈی اے وی سکول گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کھیلنے میں مصروف تھا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ چھکا لگانے کے بعد بلے باز پچ پر گھٹنوں کے بل بیٹھا اور پھر اچانک گر گیا۔ 
 دیگر کھلاڑی اور فیلڈرز ہرجیت سنگھ کو اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں مگر وہ اپنی آخری سانسیں لے چکا ہوتا ہے۔ 

 
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے اور صارفین کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی کرکٹ میچ کے دوران کھلاڑیوں کی اچانک موت کے واقعات پیش آچکے ہیں۔