رمضان کا آخری عشرہ توبہ، استغفار، مغفرت ،خوداحتسابی کیلئے بے حد قیمتی ہے،میرواعظ

اسلامی تعلیمات کے مطابق سچائی، انکساری اور ہمدردی جیسے اوصاف کو اپنانا نہایت ضروری ہے،سرینگر مسجد الفاروقیہ میں پروقار تقریب سے خطاب

بدھ 26 مارچ 2025 21:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیرواعظ عمر فارق نے مسجد شریف الفاروقیہ لکھری پورہ نوشہرہ میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے رمضان کے آخری عشرے کی روحانی اور دینی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایام توبہ، استغفار، مغفرت اور خوداحتسابی کے لیے بے حد قیمتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن اور خاص طور پر شب ہائے قدر کی طاق راتیں اللہ کی رحمتوں سے بھرپور ہیں اور بندے کو چاہیے کہ وہ ان میں پوری طرح اپنے رب کی طرف رجوع کرے۔انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں میں کردار سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق سچائی، انکساری اور ہمدردی جیسے اوصاف کو اپنانا نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک صرف بھوکا پیاسا رہنے کا مہینہ نہیں بلکہ قرآن کریم کے لافانی پیغام کو سمجھ کر اس کے مطابق اپنی عملی زندگی میں تبدیلی لانے کا مہینہ ہے۔

میرواعظ نے امت مسلمہ بالخصوص نوجوانوں کو تلقین کی کہ ان قیمتی دنوں اور راتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کریں اورنماز، ذکر و اذکار، دعا اور خدمت خلق میں اپنا قیمتی وقت صرف کریں۔