عید تعطیلات کے دوران پنجاب بھرمیں ٹریفک حادثات میں 85 افراد جاں بحق

ریسکیو 1122نے عید کی تعطیلات کے دوران29,132 ایمرجنسیز پر رسپانس کیا ‘ڈاکٹر رضوان نصیر

جمعرات 3 اپریل 2025 18:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب میں عید کی تعطیلات کے دوران روڈ ٹریفک حادثات میں اضافے اور ان حادثات میں 85 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بشمول والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیاروں کو روڈ سیفٹیاقدامات اختیار کرنے اور موٹر بائیک کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھنے کی ترغیب دیں، کیونکہ رفتار میں ہر کلومیٹر فی گھنٹہ اضافے کے ساتھ مہلک حادثے کا خطرہ 4 سے 6 فیصد بڑھ جاتا ہے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے ان ریسکیو اہلکاروں کی بھی تعریف کی جنہوں نے عید کی چھٹیوں کی قربانی دے کر پنجاب کے شہریوں کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں نے عید کی تعطیلات کے دوران بھرپور عزم اور لگن کا مظاہرہ کیا اورچوبیس گھنٹے خدمات فراہم کرکے قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایمرجنسی ایمبولینس، ریسکیو اینڈ فائر سروسز، اور موٹر بائیک ریسکیو سروس نے عید کی چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں 29,132 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید آپریشنل جائزہمیٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ونگز کے سربراہان، صوبائی مانیٹرنگ آفیسر، جبکہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ ویڈیو لنک میٹنگ کے دوران، پنجاب کے ڈویژنل ایمرجنسی افسران نے عید کی تعطیلات میں ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافے کے بارے میں آگاہ کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ نے 20 سالہ نوجوان کے ڈوبنے کے واقعے کی تفصیلات فراہم کیں، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رحیم یار خان نے سلنڈر دھماکے کا بریف کیا،جس میں 12 افراد جھلس گئے۔ اسی طرح، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی نے گیس لیکج کے متعدد واقعات، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم نے پہاڑوں میں شدید فاریسٹ فائر پہ ریسکیو آپریشن جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر شیخوپورہ نے ایک حادثے کی تفصیلات بتائیں جس میں تین موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

صوبائی مانیٹرنگ آفیسر (PMO) نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب بھر کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 10 ہزار سے زائد ریسکیو اہلکاروں کو تین شفٹوں میں اسٹریٹجک مقامات پر تعینات کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 نے عید کی چھٹیوں کے دوران پنجاب میں 29,132 ایمرجنسیز پر ریسپانڈکیا،جن میں 8,887 ٹریفک حادثات (85 اموات)، 16,831 میڈیکل ایمرجنسیز (666 اموات)، 641 جرائم سے متعلقہ واقعات، 501 آتشزدگی، 533 ڈلیوری کیسز، 648 گرنے اور پھسلنے کے واقعات، 109 جانوروں کا ریسکیو اور 982 دیگر متفرق ایمرجنسیز شامل ہیں۔

عید آپریشنل جائزہ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ سب سے زیادہ ایمرجنسیز لاہور میں 2,972، فیصل آباد میں 1,847، ملتان میں 1,539، بہاولپور میں 1,280، اور گوجرانوالہ میں 1,236 رپورٹ ہوئیں، جبکہ چکوال میں سب سے کم 264 ایمرجنسیزرپورٹ ہوئیں۔ ایمرجنسی اعداد وشمار سے یہ بھی پتہ چلا کہ 8,887 روڈ ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ حادثات لاہور میں 1,336 ہوئے، جبکہ فیصل آباد میں 558، ملتان میں 556، گوجرانوالہ میں 477، قصور میں 344 اور شیخوپورہ میں 325 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جبکہ باقی 5,291 حادثات پنجاب کے دیگر اضلاع میں پیش آئے۔