امارات ایئر نے اپنے صارفین کے لیے ایکسپریس کارگو سروس کا آغاز کردیا

دنیا کے کسی بھی کونے سے شہریوں کا پارسل بحفاظت ان کے گھر تک پہنچے گا،بیان

جمعہ 4 اپریل 2025 14:15

امارات ایئر نے اپنے صارفین کے لیے ایکسپریس کارگو سروس کا آغاز کردیا
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن امارات ایئرنے اپنے صارفین کے لیے ایکسپریس کارگو سروسکا آغاز کیا ہے جو ڈور ٹو ڈور ہوگی ۔عرب ٹی وی کے مطابق امارات ایئرکے شعبہ کارگو کے سینئر نائب صدر بدر عباس نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہم ایکسپریس کارگو سروس شروع کررہے ہیں، دنیا کے کسی بھی کونے سے آپ کا پارسل بحفاظت آپ کے گھر تک پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپریس کارگو کے حوالے سے ہم نے اعلی معیار اپنایا ہے اس ضمن میں مضبوط بنیادوں پر کام کا آغاز کیا اور روایتی لاجسٹک آپریشنز کو از سرنو مرتب کرتے ہوئے اسے بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ لانچ کیا۔واضح رہے ایکسپریس کارگو سروس کے حوالے سے امارات ایئر کی جانب سے جو اشتہار دیا گیا ہے اس میں ایئرلائن کے ایئربس اے 380 کو ایک رہائشی علاقے میں دکھایا گیا ہے جبکہ ایئرہوسٹس پارسل تھامے ایک گھر کے سامنے کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ایمریٹس ایئر کی جانب سے کارگو سروس گزشتہ برس محدود پیمانے پر جاری کیا گیا تھا جو سعودی عرب، بحرین، کویت، عمان، جنوبی افریقا اور برطانیہ کے لیے تھا۔ابتدائی سروس میں پارسل ڈیلیوری کے لیے اوسطا وقت 48 گھنٹے ریکارڈ کیا گیا جس میں مزید بہتری لانے کے بعد سروس کو وسعت دی گئی۔ایئرلائن کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ کارگو سروس کے لیے ٹریکنگ سسٹم مکمل ڈیجیٹل ہے جس کے ذریعے کہیں سے بھی صارف اپنے پارسل کی ٹریکنگ باسانی کرسکتا ہے۔ فوری سروس کے تحت پارسل کی ڈلیوری دوسرے دن ہوتی ہے۔