بھارت، مسلم پرسنل لاء بورڈ کاوقف بل کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

تمام جمہوری ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے احتجاجی دھرنوں، مظاہروں، کالی پٹیاں باندھ کر علامتی احتجاج کااہتمام کیاجائے گا

اتوار 6 اپریل 2025 13:55

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء) آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ نے وقف بل کو بھارتی آئین کے بنیادی ڈھانچے پرایک سنگین حملہ قراردیتے ہوئے اس کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم پرسنل لا بورڈ نے پارلیمنٹ میں وقف ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اس کے خلاف ملک گیر احتجاج ،مظاہروں اور تحریک چلانے کا اعلان کیاہے ۔

بورڈ نے وقف ترامیم کو اسلامی شعائر، مذہبی و ثقافتی آزادی، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آئین ہند کے بنیادی ڈھانچے پر ایک مہلک حملہ قرار دیا۔بورڈ نے بی جے پی کے فرقہ وارانہ منصوبہ میں اس کا ساتھ دینے والی سیاسی جماعتوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سیکولرازم بے نقاب ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

احتجاج کا اعلان بورڈ کے عہدیداران نے ایک خصوصی اجلاس کے بعد کیا جس کی صدارت بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کی۔

بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانامحمدفضل الرحیم مجددی نے احتجاج کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ نہ صرف اس کے خلاف قانونی راستہ اختیارکیا جائے گا بلکہ پر امن طریقے سے تمام جمہوری ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے احتجاجی دھرنوں، مظاہروں، کالی پٹیاں باندھ کر علامتی احتجاج کااہتمام کیاجائے گا۔ ہر ریاست کی راجدھانی میں مسلم قیادت علامتی گرفتاریاں دیگی، وہیں ضلعی سطح پر بھی احتجاجی دھرنوں کا اہتمام کیا جائے گااور ان احتجاجی دھرنوں کے اختتام پرحکام کو صدر جمہوریہ اور وزیر داخلہ کے نام میمورنڈم دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے کا پروگرام ایک جمعہ سے دوسرے جمعہ تک چلے گا۔ دہلی، کولکتہ، حیدرآباد، جموں وکشمیر، رانچی، مالیر کوٹلہ اورلکھنو میں بڑے احتجاجی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔بورڈ نے اترپردیش میں یوگی کے خوف کی حکمرانی کو بھی چیلنج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے لکھنو میں بڑے احتجاجی پروگرام کااعلان کیا ہے۔ اس تحریک کا آغاز دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ایک بڑے جلسے سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں یہ تمام پروگرام عیدالاضحی تک چلیں گے۔ اس کے بعد آئندہ کا پروگرام طے کیا جائے گا۔