عوام ’’باروقت ایپ ‘‘سے متعلق دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے بارے میں ہوشیار رہیں، ایس ای سی پی کا انتباہ

جمعہ 11 اپریل 2025 22:54

عوام  ’’باروقت ایپ ‘‘سے متعلق دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے بارے میں ہوشیار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے عوام کو ’’باروقت ایپ ‘‘سے متعلق جاری دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے بارے میں خبردار کیا ہے، یہ ایپ ایس ایف ایس ایل (سیڈکریڈ فنانشل سروسز لمیٹڈ) کے زیر انتظام تھی جو فی الحال غیر فعال ہے اور ’’باروقت ایپ ‘‘کو ایس ای سی پی نے اگست 2024 میں ڈی لسٹ کر دیا تھا۔

ایس ای سی پی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایس ای سی پی کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کچھ افراد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے یہ جھوٹا دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ ایس ایف ایس ایل کی جانب سے کریڈٹ بیوروز کو رپورٹ کردہ قرضے کے ڈیفالٹ ریکارڈز کو ختم یا تبدیل کر سکتے ہیں، یہ افراد ایسی خدمات کے بدلے میں پیسے کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہے ہیں، یہ طریقہ کار دھوکہ دہی پر مبنی ہے اور کسی بھی قانونی اختیار کے بغیر انجام دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو سخت ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ غیر مجاز افراد یا اداروں کو ایسی خدمات کے بدلے میں کوئی رقم ادا نہ کریں۔ کریڈٹ بیورو ایکٹ، 2015 کے مطابق، صرف کریڈٹ بیوروز کے مجاز ارکان ہی قرضے کی حیثیت اور متعلقہ ڈیٹا کی رپورٹنگ کر سکتے ہیں۔ ایس ای سی پی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور ان دھوکہ دہی کے شکار نہ ہوں۔