چناب یونیورسٹی کے زیر اہتمام "چناب میراتھن کل ہفتہ کو ہو گی

جمعہ 11 اپریل 2025 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) یونیورسٹی آف چناب کے زیر اہتمام "چناب میراتھن 2025" (کل) ہفتہ کو منعقد ہو گی - ترجمان کے مطابق چناب یونیورسٹی ،ضلعی انتظامیہ گجرات اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے چناب میراتھن کا مقصد نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے بلکہ گجرات کے عوام میں اتحاد، ہم آہنگی اور سماجی شعور کو اجاگر کرنا بھی ہے۔

وزیر اعلی ٰپنجاب کے ویژن کھیلتا پنجاب کے تحت ہونے والی یہ میراتھن ایک دوڑ نہیں بلکہ خوابوں، حوصلے اور ایک روشن مستقبل کی علامت ہے۔ تاریخی جی ٹی روڈ گجرات پر واقع کٹھالہ گراونڈ سے رمتالائی چوک تک 5 کلومیٹر طویل منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں ہزاروں شہری شرکت کریں گے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل ہیں، میراتھن دوڑ کا آغاز صبح 8 بجے ہو گا، اس ایونٹ میں طلبہ ، پیشہ ور افراد ، کھیلوں کے شوقین اور ہر عمر اور پس منظر رکھنے والے افراد شرکت کریں گ۔

شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس دوڑ میں شریک ہو کر نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کا حصہ بنیں بلکہ گجرات کو ایک متحد، مثبت اور فعال ضلع ثابت کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ میراتھن ہر فرد کے لیے ہے،چاہے وہ پیشہ ور کھلاڑی ہو یا عام شہری، سب کے لیے ایک جیسا موقع ہے کہ وہ تاریخ رقم کریں، دلوں کو جوڑیں اور امید کو نئی راہ دیں۔