سانگلہ ہل،غلہ منڈی میں ماڈل بازار ہرگز منظور نہیں،انجمن آڑھتیاں

بات نہ سنی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا جائے گا تمام شہر بند کرینگے،پریس کانفرنس

اتوار 13 اپریل 2025 11:10

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء)انجمن آڑھتیاں، کسان بورڈ، انجمن تاجران کے عہدیداروں چوہدری محمد ادریس،ڈاکٹر محمد اسحاق،میاں زاہد ندیم،حاجی احسان اللہ بوبک اور چوہدری عامر پنوں سمیت تمام تاجر برادری نے گزشتہ روز ایک پلیٹ فارم سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ راتوں رات بغیر نوٹس کے لیز کی جگہ کا انتقال ہو جانا دھونس دھاندلی ہے، پہلے ہی غلہ منڈی میں جنس کیلئے جگہ کم ہے،گندم اور دھان کی فصل کے سیزن میں یہاں سے گزرنا بھی محال ہوتا ہے، جس سے کسانوں کو غلہ منڈی میں اپنی فصل لانے، آڑھتیوں کو فصل سنبھالنے اور فروخت میں اور شہریوں کو گزرنے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے، اس جگہ پر ماڈل بازار بنانے کی باتیں سمجھ سے بالا تر ہیں، متعلقہ محکمے ہمارے بچوں کی روٹی روزی نہ چھینیں، ہمارے حال پر رحم کیا جائے، تاجروں نے کہا کہ ماڈل بازار نہیں بننے دینگے، تمام تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں،ہماری بات نہ سنی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا جائے گا،مجبورا تمام شہر کو بند کردیں گے، احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے غلہ منڈی میں ماڈل بازار نامنظور نامنظور کے نعرے بھی لگائے گئے۔

متعلقہ عنوان :