پاکستان میں کرکٹ کے بجائے فٹبال کے کھیل کو فروغ دینا چاہیے، عبد الرحیم جانو

پیر 14 اپریل 2025 20:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2025ء)میمن لیڈر شپ فورم کے صدر،فیڈریشن آ ف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینیئر نائب صدر ،رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین اور بابا فرید فری آئی کیمپ کے چیئرمین عبد الرحیم جانو نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ کے فضول کھیل کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کی زندگی دوبارہ اجیرن ہوچکی ہے کیونکہ یہاں PSLکے سلسلے میں سڑکوں کی بندش سے ہسپتالوں ، دفاتر ، اسکولز اور کاروباری مراکز تک رسائی مشکل ہوجاتی ہے شدید ٹریفک جام ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف لاکھوں شہری پریشان ہوتے ہیں بلکہ پیٹرول کے ضیاع کے ساتھ ساتھ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بھی خراب ہوتی ہے اور معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کم از کم 10سال کیلئے کرکٹ پر پابندی لگادینی چاہیئے اور فٹ بال کے کھیل کو سپورٹ کرنا چاہیئے ۔ لیاری کراچی میں اور پاکستان کے دوسرے علاقوں میں اگر صحیح توجہ دی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ان علاقوں سے میسی، مرا ڈونا اور رونالڈو جیسے کھلاڑی نہ پیدا ہوں بدقسمتی سے پاکستان میں فٹ بال غریبوں کا کھیل سمجھا جاتا ہے ۔

کرکٹ انگریز لارڈ کی ایجاد ہے اور وقت اور پیسے کا ضیاع کرنے والا کھیل ہے ۔ آج کل کے تیز ترین دور میں یہ کھیل کھیلا جاتا ہے اور نتیجہ صفر یا پاکستان کی ہارکی صورت میں نکلتا ہے ۔کرکٹ کے کھلاڑیوں کو فی کس تنخواہوں کی مد میں لاکھوں روپے ماہانہ اور کروڑوں روپے سالانہ دیئے جاتے ہیں جن کی تنخواہوں کی وجہ سے ملک کے خزانے سے ماہانہ کروڑوں روپے ضائع ہوتے ہیں جو کہ پاکستان جیسے غریب ملک اور قرضے میں ڈو بے ہوئے ملک کیلئے مناسب نہیں ہے ۔

ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی طرح اس طرح کے سست اور بیکار کھیل سے جان چھڑانی چاہیئے ۔ اس ملک ، جس کا بال بال قرض میں جکڑا ہوا ہے اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے کرکٹ کے کھلاڑی عیاشی کرتے ہیں اور کرکٹ کی انتظامیہ سفارشی لوگوں کو ٹیم میں لیتی ہے جنکی خراب کارکردگی سب کے سامنے ہے ۔ پاکستان اس عیاشی والے کھیل کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے صورتحال کی بہتری کیلئے درج ذیل تجاویز دیں: ۱۔

کرکٹ میچ کے دوران راستے کھلے رکھے جائیں تاکہ کراچی کے شہری سکون کے ساتھ گھر اور دفتر آجا سکیں ۔ ۲۔ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سختی سے قابو کیا جائے اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جائے ۔ ۳۔ کرکٹ کے اسٹیڈیم شہر کے باہر مضافات میں منتقل کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میمن لیڈر شپ فورم (MLF) فٹبال کے کھیل کو مکمل سپورٹ کرتی ہے اور جلد MLF فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا چاہتی ہے ۔

اس ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کیلئے فٹبال کے بین الاقوامی اور نامور کھلاڑی کو دعوت دی جائے گی۔ امید ہے میری گزارش کو سنجیدگی سے سناجائے گا اور حکومت یہ فیصلہ کرتی ہے تو ہم پاکستان کی ایک بہترین فٹ بال ٹیم کو قائم کریں گے اور اس کے لئے بین الاقوامی کوچ کو بلاکر ٹرینینگ دلوائیں گے ۔