آزاد جموں وکشمیر کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے داخلہ فیس کے نام پر والدین کی چمڑی ادھیڑنا شروع کر دی

طلباء وطالبات کو مخصوص بکڈپو اور دوکانوں سے یونیفارم کتابیں خریدنے کا پابند کر رکھا ہے جو کہ قابل مذمت ہے،شرافت علی خلجی

منگل 15 اپریل 2025 14:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے کہا ہے کہ وفاق سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن کی داخلہ فیس لینے سے روک دیا گیا مگر آزاد جموں وکشمیر کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے داخلہ فیس کے نام پر والدین کی چمڑی ادھیڑنا شروع کر دی ہے جو کہ حکومت آزادکشمیر کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ دارلحکومت مظفرآباد سمیت پورے ڈویژن میں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے ہی رجسٹریشن اور داخلہ فیس کی مد میں ہزاروں روپے وصول کرنا شروع کر رکھے ہیں طلباء وطالبات کو مخصوص بکڈپو اور دوکانوں سے یونیفارم کتابیں خریدنے کا پابند کر رکھا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد جموں وکشمیر ضلعی انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنائے کہ وہ تمام تعلیمی پرائیویٹ ریگولیٹی اداروں کے سلیپس اور آئے روز پڑھائی جانے والی رجسٹریشن اور داخلہ فیس کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو لگام دیں۔

انھوں نے کہا ارباب اقتدار کی خاموشی قابل افسوس ہے سرمایہ داروں کی تعلیم کے نام پر دولت لوٹنے اور تعلیمی نظام کو برباد کر نے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی انھوں نے غیور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے اداروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور ان لوٹ مار کرنے والے اداروں کا مکمل بائیکاٹ کریں۔