مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں عوامی اُمیدوں کا محور بن چکی ہے، سردار عامر الطاف خان

عوام کو اس جماعت سے جس سطح کی توقعات وابستہ ہیں ہم انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے،وزیر ٹیوٹا

منگل 15 اپریل 2025 22:27

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)مرکزی رہنما مسلم لیگ (ن) اور وزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں عوامی اُمیدوں کا محور بن چکی ہے عوام کو اس جماعت سے جس سطح کی توقعات وابستہ ہیں ہم انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے عوامی اعتماد ہی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ اور ہماری سیاسی طاقت کی اصل بنیاد ہے۔

ایک بیان میں سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک نظریاتی، جمہوری اور عوامی جماعت ہے جو ہمیشہ عوام کی خدمت ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر کاربند رہی ہے ہماری جماعت نے آزاد کشمیر میں ترقی، تعلیم، صحت، روزگار، انفراسٹرکچر اور دیگر تمام شعبہ جات میں جو عملی اقدامات کیے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں ہم صرف نعروں پر نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کا سیاسی گراف تیزی سے اوپر جا رہا ہے جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام اس جماعت کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیںہماری کامیابی کی وجہ صرف اور صرف عوام کا ہم پر اعتماد ہے اور ہم اس اعتماد کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے سردار عامر الطاف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان میرے لیے سر کا تاج ہیںیہ کارکنان ہی ہیں جو جماعت کا اصل چہرہ ہوتے ہیں اور جو ہر مشکل گھڑی میں قیادت کے ساتھ کھڑے رہے میں ذاتی طور پر کارکنوں کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لیتا ہوں اور ان کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے میری وزارت کے دروازے کارکنان کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف ان کی دہلیز پر میسر آئے صحت، تعلیم، روزگار، ٹیکنیکل تعلیم اور بنیادی سہولیات جیسے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ہم نے شعبہ فنی تعلیم میں بھی انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ نوجوان طبقہ ہنر مند بن کر ملکی ترقی میں کردار ادا کرے۔

سردار عامر الطاف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں ہمیشہ سبقت لے جاتی ہے۔ ہماری ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے یہی وجہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد آج بھی مسلم لیگ (ن) کو اپنے مسائل کا حل سمجھتی ہے انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے مسائل کو حل کریں گے ان کی آواز ایوانوں تک پہنچائیں گے اور اپنی تمام تر توانائیاں عوامی خدمت پر مرکوز رکھیں گے اور عوام کو مایوسیوں سے نکالیں گے۔