کاٹی کے صدر کی متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل سے ملاقات

جنید نقی اور ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتی کا دوطرفہ تجارت کیلئے باقاعدہ چینلز اور شفاف مالیاتی نظام کی ضرورت پر زور

بدھ 16 اپریل 2025 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ اور کاروباری شفافیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ معاشی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔

جنید نقی نے کہا کہ ہمیں باقاعدہ تجارتی چینلز کو فروغ دینا ہوگا تاکہ مالیاتی لین دین میں شفافیت آئے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے لیکن اس کیلئے دونوں ممالک کے کاروباری حلقے ضابطہ اخلاق اور عالمی معیار کے مطابق کاروبار کریں۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی تاجر رسمی ذرائع استعمال کریں تاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا تاثر مزید بہتر ہو۔

قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتی نے پاکستانی کاروباری طبقے کو یقین دہانی کرائی کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ اور شفاف تجارتی فریم ورک کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات میں طے پایا کہ تجارت بڑھانے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے، تجارتی وفود کے تبادلوں اور مشترکہ تجارتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ باہمی اقتصادی تعلقات کو نئی جہت ملے۔ جبکہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جلد شروع کیے جائیں گے۔