ریجنل ایکریڈیٹیشن کمیٹی مردان ڈویژن کا اجلاس

صوبائی ایکریڈیٹیشن رولز پر پورا اترنے والے صحافیوں کو ہی ایکریڈیشن کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

بدھ 16 اپریل 2025 20:55

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)ریجنل ایکریڈیٹیشن کمیٹی مردان ڈویژن کا اجلاس بمقام ریجنل انفارمیشن آفس مردان زیر صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل انفارمیشن مردان شمس الحق منعقد ہوا،جس میں کمیٹی کے ممبران محمد ریاض مایار (صدر مردان پریس کلب)،جلیل احمد خان(صدر صوابی پریس کلب)،سبزعلی خان ترین(صدر چارسدہ پریس کلب)اور جہانزیب خٹک (نمائندہ نوشہرہ پریس کلب) نے شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی ایکریڈیٹیشن رولز پر پورا اترنے والے صحافیوں کو ہی ایکریڈیشن کارڈ جاری کیا جائے گا۔اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین و ممبران نے مردان اور صوابی کے ان صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری کرنے کی منظوری دی جنہوں نے اس مقصد کیلیے فارم جمع کیے تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر شمس الحق نے واضح کیا کہ صحافیوں کے فلاح و بہبود کیلیے عملی اقدامات کرتے رہیں گے اور قانون کے مطابق پریس ایکریڈیٹیشن کارڈ اِس کمیٹی کی منظوری کے بغیر جاری نہیں کی جائے گی۔

ریجن میں قائم رجسٹرڈ پریس کلبز کے ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ کارکن صحافیوں اور پریس کلبز کے آئین پر پورا اترنے والے صحافیوں کو ممبرشپ دیں، اجلاس کے اختتام پر خیبرپختونخوا کے سینئر صحافی اور نوشہرہ پریس کلب کے سابق صدر مشتاق پراچہ کی وفات پر ان کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔