پیاف کاترسیلات زر 28ارب ڈالر تک پہنچنے پر اوورسیز پاکستانیوں سے اظہار تشکر

حکومت کی جانب سے اوورسیز کے لئے مراعات کے حامل پیکیج کا اعلان قابل ستائش ہے ‘ مشترکہ بیان

جمعرات 17 اپریل 2025 14:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)چیئرمین پیاف سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اوروائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے رواں مالی سال میں ترسیلات زر مجموعی طور پر 28ارب ڈالر تک پہنچنے پر اوورسیز پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد سہولیات اور مراعات کے حامل پیکیج کا اعلان قابل ستائش ہے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے سروں کے تاج ہیں ،تخمینہ ہے کہ 30جون تک ترسیلات زر کا حجم38ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا جو پاکستان کی برآمدات سے بھی زائد ہوں گی،مختلف ممالک میں اپنے شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اسٹیٹ بینک کے ذریعے سب سے زیادہ سرمایہ پاکستان بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کی ہر سال سول ایوارڈ کے لئے نامزدگی کا اعلان بھی خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائے جانے والے اربوں ڈالر کی ترسیلات زر کی وجہ سے ہماری معیشت کواستحکام ملتا ہے ، اپیل ہے کہ ترسیلات زر کو برآمدات کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے اور اسی کو پیش نظر رکھ کر پالیسی مرتب کی جائے ۔ پیاف کے عہدیداروں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے تشویش ناک ہیں اس حوالے سے غیر معمولی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ،حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد فیصلوں کیلئے خصوصی عدالتوں کا قیام بھی قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ملک آمد پر بھرپو رپروٹوکول ملنا چاہیے اور انہیں سرکاری محکموں میں بھی اپنے کاموں کے سلسلہ میں ترجیح دی جانی چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :