tمحکمہ تعلیم (پیکٹا) کی 4 روزہ انٹرنیشنل ورکشاپ اختتام پذیر

جمعرات 17 اپریل 2025 21:25

bلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2025ء) محکمہ تعلیم (پیکٹا) کی گلوبل سٹیزن شپ ان ایجوکیشن کے موضوع پر جاری انٹرنیشنل لیول کی 4 روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ ورکشاپ میں شرکاء کو نصاب سازی سمیت دیگر متعلقہ امور پر بین الاقوامی ماہرین تعلیم کی جانب سے ٹریننگ دی گئی۔ اختتامی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر پیکٹا ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، پارلیمانی سیکریٹری نوشین عدنان، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن خالد نظیر وٹو و دیگر نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے۔

پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو گلوبلائزیشن جیسے مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان حالات میں گلوبل سٹیزن شپ ان ایجوکیشن کو فروغ دینا اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات اور ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے جنوبی کوریا، آسٹریلیا، فلپائن اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے تعلیمی ماہرین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے تحت تعلیمی اصلاحات کے لیے تعلیم میں ٹیکنالوجی کے انضمام اور کم وسائل رکھنے والے طلبائ کے لیے وظائف جیسے جاری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ورکشاپ میں بین الاقوامی ماہرین جونگمن اوم (ڈپٹی ہیڈ، IGCED, APCEIU) پروفیسر کیون کیسٹر (سیئول نیشنل یونیورسٹی)، ڈاکٹر ایسٹر کیئر (یونیورسٹی آف میلبورن) اور لیا ایسپالارڈو شامل تھے جنہوں نے شرکائ کو تدریسی سرگرمیاں موثر طریقے سے ادا کرنے کے ضمن میں عملی مہارات فراہم کیں۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے شرکاء میں اسناد اور بین الاقوامی ماہرین تعلیم میں یادگاری تحائف بھی تقسیم کئے۔