فیصل آباد چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں فیملی گالااتوارکو منعقد ہوگا،تمام ممبران کو فیملیزسمیت شرکت کی دعوت

جمعہ 18 اپریل 2025 13:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے کہا کہ چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں اتوار 20اپریل کو فیملی گالا کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں تمام ممبران کو اپنی فیملیز کے ساتھ شرکت کرنی چاہیے جس کیلئے انہیں دعوت عام دی جارہی ہے جبکہ انہوں نے ممبر شپ کی تجدیدی مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیمبر کی مجموعی ممبر شپ کو بڑھانے پر زور دیا ہے۔

ممبر شپ رینیول اور پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز بارے قائمہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر ملک کے دوسرے بڑے صنعتی، تجارتی اور کاروباری مرکز کی بزنس کمیونٹی کا منتخب ادارہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف ممبران بلکہ عام شہریوں کے مسائل بھی حل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت چیمبر 118مختلف سیکٹرز اور ٹریڈز کی نمائندگی ہے جن میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے ممبر شپ گروتھ کے سلسلہ میں سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے کے باوجود تجدید ی مہم کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے ایک بڑے اور پر وقار سیکٹر کے طور پر ابھرے ہیں جو فروغ تعلیم کی کوششوں میں حکومت کا ہاتھ بٹانے کے علاوہ نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے بھی آراستہ کر رہے ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا سیکٹر ہے مگر چیمبر میں صرف 30سکولوں کی نمائندگی ہے جس میں فوری اضافے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں قائمہ کمیٹی کے کنوینر صداقت حسین لودھی کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کا ممبر بننے والے اس پلیٹ فارم سے بہت سی مراعات بھی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ عنقریب چیمبر میں نادرا اور پاسپورٹ کا ڈیسک بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح چیمبر میں قائم پولیس خدمت مرکز سے لرنر کے علاوہ مستقل ڈرائیونگ لائسنس بھی حاصل کئے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس نے 57ملکوں کیلئے انٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا شروع کر دیا ہے۔ یہ سہولت چیمبر کے ممبران کو دینے کیلئے جلد موٹر وے پولیس سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔اس سے قبل رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے چار سو ممبران ہیں مگر ان میں سے صرف 30نے چیمبر کی ممبر شپ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے باقی ممبران کو بھی چیمبر کی ممبر شپ لینے کی ترغیب دی جائے۔ صداقت حسین لودھی نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے چیمبرکے30میں سے28ممبران نے اپنی ممبر شپ کی تجدید کرا لی ہے جبکہ باقی بھی جلد تجدید کرالیں گے۔ ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف زاہد بٹ نے نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ میں خدمت خلق کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے انہیں لائنز کلب بارے آگاہی دینے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس تحریک سے ذمہ دار اور درد دل رکھنے والے نوجوان پیدا کئے جا سکتے ہیں۔