آٓزاد جموں و کشمیر کے سینئر سرکاری حکام کا ایس سی او سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مظفرآباد کا دورہ

جمعہ 18 اپریل 2025 18:41

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2025ء)آزاد جموں و کشمیر کے سینئر سرکاری حکام کا ایس سی او سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مظفرآباد کا دورہ ، آزاد کشمیر کے سینئر سرکاری حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا، وفد میں وزیر اعظم کے ایس ڈی جی یونٹ، ڈائریکٹوریٹ جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن، پلاننگ و ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری اور اسسٹنٹ چیف صاحبان شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت وزیر اعظم کی ڈونرز کے لیے خصوصی کوآرڈینیٹر اور ایس ڈی جی یونٹ کی سربراہ ڈاکٹر اسمائ اندرابی نے کی ،وفد میں ڈائریکٹر لینڈز اینڈ پلاننگ، یونیورسٹی آف آزاد جموں اینڈ کشمیر کے ڈائریکٹر اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے ہیڈ بھی شامل تھے، وفد کو سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن کی جانب سے خطے میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور فری لانسنگ ہبز کے قیام پر پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں ایس سی او کی متاثر کن کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا گیا، وفد نے اسپیشل ٹیکنالوجی پارک میں کام کرنے والی مختلف آئی ٹی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس اور فری لانسرز سے بھی ملاقات کی ، مہمانوں نے پارک کی سہولیات، پیشہ ورانہ آپریٹنگ نظام، اور نوجوانوں کی جانب سے انجام دی جانے والی اعلیٰ معیار کی خدمات کو بے حد سراہا، ایس سی او کی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل کاروباری ماحول کو فروغ دینے کی کوششوں کو خوب پزیرائی ملی۔