پاکستان سے سعودی عرب عمرہ پر جانے والی پرواز کے دوران ایک مریض کی طبیعت بگڑ گئی ، ڈاکٹر رضوانہ ندیم بنت ابوبکر میمن نے فوری طبی امداد فراہم کردی

ہفتہ 19 اپریل 2025 20:15

پاکستان سے سعودی عرب عمرہ پر جانے والی پرواز کے دوران ایک مریض کی طبیعت ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) پاکستان سے سعودی عرب عمرہ پر جانے والی پرواز کے دوران ایک مریض کی طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹر رضوانہ ندیم بنت ابوبکر میمن نے فوری طبی امداد فراہم کر کے خدمتِ انسانیت کی شاندار مثال قائم کی، ڈاکٹر رضوانہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، انسانی ہمدردی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت طبی امداد دے کر مریض کی جان بچائی، جسے تمام مسافروں اور عملے نے بے حد سراہا،اس عظیم کارنامہ پر کمشنر حیدرآباد ڈویژن بلال احمد میمن کی جانب سے ڈاکٹر رضوانہ ندیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔

یہ اعزاز کمشنر بلال احمد میمن نے اپنے دورہ مٹیاری کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ کے لطیف ہال میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بلال احمد میمن نے کہا کہ ڈاکٹر رضوانہ ندیم جیسے فرض شناس اور انسان دوست افراد ہمارے معاشرے کا حقیقی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے جس جذبے سے ایک انسانی جان بچائی، وہ ہم سب کے لیے قابل تقلید مثال ہے، ایسے مثبت کرداروں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں خیر خواہی اور ہمدردی کو فروغ دیا جا سکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ، ایس ایس پی مٹیاری فیصل بشیر میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مٹیاری ٹواقرا جنت، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد شاہ رخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پیر غلام حسین سمیت دیگر معزز افسران اور شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے ڈاکٹر رضوانہ کے انسان دوست اقدام کو زبردست انداز میں سراہا اور ان کے جذبہ خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔