40لاکھ سے زائد فائلر زکا مطالبہ ہے پرانا اپیل سسٹم بحال کیا جائے ‘ ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ

اپیل سسٹم میں تبدیلی سے کتنے کیسز کا فیصلہ ایف بی آر کے حق میں ہوا ‘ صدر زوہیب الرحمن زبیری

اتوار 20 اپریل 2025 13:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر قاری زوہیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ حکومت نے 2700ارب کے ریونیو کو وصول کرنے کے لیے اپیل سسٹم کو تبدیل کر دیا ِ،بتایا جائے کتنے کیسز کا فیصلہ حکومت اور ایف بی آر کے حق میں ہوا ،اگر خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے تو ایف بی آر کے پرانے اپیل سسٹم کو بحال کیا جائے اور اپیل سسٹم کو ایف بی آر کی بجائے وزارت کے ماتحت کیا جائے تاکہ عدالتوں پر بھی کیسز کا بوجھ کم ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ٹیکس اورعوام مذاکرے ‘‘سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدور واصف علی شیخ،تابش علی جاوید ،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری ،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

زوہیب الرحمن زبیری نے کہا کہ یہ نا انصافی ہے کہ ٹیکس پیئر کو اپیل کے لئے ہائیکورٹ میں 50ہزار کورٹ فیس جمع کروانا پڑتی ہے جبکہ اگر محکمہ ٹیکس پیئر کے خلاف اپیل کرتا ہے تو کوئی کورٹ فیس نہیں ہے ،40لاکھ سے زائد فائلر زکا مطالبہ ہے کہ پرانا اپیل سسٹم بحال کیا جائے تاکہ کورٹ فیسوں اور وقت کے ضیاع سے بچا سکے۔انہوںنے مزید کہا کہ ایف بی آر کی اکثر پالیسیاں نا انصافی پر مبنی ہے اور مختلف ادارے بھی اس حوالے اپنی رپورٹس دے چکے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :