صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے گورنمنٹ مڈل سکول خواجہ پائیل کوہاٹ کی اپگریڈیشن کا افتتاح کر دیا

اتوار 20 اپریل 2025 18:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، پارلیمانی امور و انسانی حقوق آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے کوہاٹ کے یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد میں گورنمنٹ مڈل سکول کی ہائی لیول تک اپ گریڈیشن اور اس کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر داخلہ و رکن قومی اسمبلی شہریارخان آفریدی اور چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال بھی موجود تھے۔

33.19 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی سکول کی افتتاحی تقریب میں عمائدین علاقہ، اساتذہ کرام، مقامی پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اورعوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر قانون نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذکورہ سکول پر کافی عرصے سے کام سست روی کا شکار تھا جس کیلئے شہریار آفریدی کی کاوشوں سے فنڈز کا انتظام کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔

آفتاب عالم نے کہا کہ شہریار آفریدی کی قیادت میں تمام منتخب نمائندے کوہاٹ کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، مواصلات، پینے کا پانی، زراعت اور آبپاشی ان کی ترجیحات کے شعبے ہیں۔حکومتی پالیسی کے مطابق جاری منصوبے جو تکمیل کے قریب ہیں، پہلے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ اگلے مرحلے میں ہر علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی مشاورت سے منصوبے تیار کئے گئے ہیں جن کو بروقت مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو ہرگز مایوس نہیں کریں گے اور ان کے توقعات پر پورا اتریں گے۔