آل ٹریڈرز فیڈریشن ایبٹ آباد کا جنرل باڈی اجلاس منگل کو طلب

پیر 21 اپریل 2025 13:47

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) آل ٹریڈرز فیڈریشن (اے ٹی ایف) ایبٹ آباد کے عبوری صدر اور جنرل سیکرٹری نے فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شٹر ڈائون ہڑتال، ٹیکسز میں اضافہ اور مجوزہ جنرل باڈی اجلاس کی مشاورت کیلئے ٹریڈ یونین کے تمام بڑے گروپس کو منگل کو دن دو بجے مرکزی الیکشن آفس طلب کر لیا۔ اس حوالہ سے ایبٹ آباد پریس کلب میں آل ٹریڈرز فیڈریشن کے عبوری جنرل سیکرٹری و سینئر ممبر مرکزی الیکشن کمیشن طارق خان تنولی اور ترجمان بنارس عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آل ٹریڈرز فیڈریشن ایبٹ آباد کا متفقہ ایک ہی الیکشن کمیشن ہے، شہر میں کسی دوسرے کو مرکزی الیکشن کمیشن کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آل ٹریڈرز فیڈریشن کے سابق صدر ملک نعیم اعوان اور جنرل سیکرٹری حاجی ممتاز خان کے استعفیٰ کے بعد نئی قیادت کے انتخاب کیلئے تاجر اتحاد، کینٹ سٹی تاجر اتحاد، ایبٹ آباد بزنس کونسل اور علی اصغر خان گروپ کے دو دو نمائندوں کو تین نکاتی ایجنڈا پر مشاورت کیلئے منگل کو مرکزی الیکشن کمیشن آفس میں طلب کیا ہے جہاں آئندہ کے لائحہ پر متفقہ سفارشات کی روشنی میں فیصلے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شہر میں مختلف قسم کی ہونے والی چہ میگوئیوں کو الیکشن کمیشن سختی سے مسترد کرتا ہے، مرکزی الیکشن کمیشن آفس میں غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکزی تنظیم تاجران آل پاکستان کی اپیل پر ممکنہ 26 اپریل کو شٹر ڈائون ہڑتال کرنے، تاجروں کو ٹیکسز کے نوٹسز پر بات چیت کرنے اور جنرل باڈی اجلاس کے انعقاد پر مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے تمام گروپ کے ممبران کو باضابطہ دعوت دیتے ہوئے بھرپور انداز میں شریک ہونے پر زور دیا ہے۔ دریں اثنا انہوں نے آل ٹریڈرز فیڈریشن کے جنرل باڈی ممبران کو کسی دوسرے گروپ کے ساتھ شمولیت پر تنبیہ کی ہے اس صورت میں ان کی بنیادی رکنیت منسوخ کی جائے گی۔ انہوں نے آل ٹریڈرز فیڈریشن الیکشن کمیشن کا نام استعمال کرنے والوں کو تاکید کرتا ہے کہ وہ اس سے گریز کریں، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔