شہر اقتدار پر قصابوں کی حکمرانی، عام عوام کو کلو، سوا کلو،دوکلو گوشت دینے سے انکار

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نرخ نامہ کو بھی ردی کی نذر کر دیاگیا

پیر 21 اپریل 2025 17:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء) شہر اقتدار پر قصابوں کی حکمرانی، عام عوام کو کلو، سوا کلو،دوکلو گوشت دینے سے انکار، نہ صرف گوشت دینے سے انکار بلکہ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نرخ نامہ کو بھی ردی کی نذر کر دیا۔ جس کے خلاف مٹن اینڈ بیف ایسوسی ایشن مظفرآباد کے صدر سید اخلاق حسین گیلانی از خود متحرک ہو گئے۔

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی سمیت میونسپل مجسٹریٹ کو درخواست دے دی۔ سید اخلاق حسین گیلانی کا درخواست میں موقف تھا کہ شہر بھر میں رہائشی علاقوں سمیت مختلف کاروباری مراکز میں قائم قصابوں کی دکانوں پر گوشت کے کاروبار سے منسلک قصابوں نے عام عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ قصابوں نے لوگوں کو کلو،سوا کلو اور دو کلو گوشت دینے سے انکار کرتے ہوئے ان کی تذلیل شروع کر رکھی ہے اور من مانے نرخوں پر گوشت فروخت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت مارکیٹ میں چھوٹا گوشت 1500 سے 1800 اور دو ہزار روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ بڑا گوشت بغیر ہڈی 1300 سے 1500 اور00 17 جبکہ ہڈی والا ایک ہزار سے 1500 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے وہ بھی منظور نظر افراد کو مہیا کیا جاتا ہے۔ عام گاہک کو کلو سوا کلو یا دو کلو گوشت دینے سے قصاب سختی سے انکار کر دیتے ہیں۔ دوسری جانب نہ تو قصابوں کی دکانوں پر حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے نہ ہی صفائی ستھرائی۔

اسی طرح گلی کوچوں نالوں اور دریا کناروں پر جانوروں کو ذبح کرنا معمول بنا رکھا گیا ہے۔ وٹنری ڈاکٹر کی عدم موجودگی میں ذبح کیے گئے جانوروں کو بعد ازاں ویٹرنری ڈاکٹر سے مہر ثبت کروائی جاتی ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا نوٹس لیتے ہوئے شہر بھر میں قائم قصابوں کی دکانوں پر من مانے انراخ پر فروخت کیے جانے والے گوشت کا نوٹس لینے کے علاوہ لوگوں کو کلو، سوا کلو، دو کلو گوشت مہیا کرنے کا پابند بنانے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :