قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے شادی سے قبل دلہا دلہن کے تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی کرانے کا بل پاس کرلیا

پیر 21 اپریل 2025 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے شادی سے قبل دلہا دلہن کے تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی کرانے کا بل پاس کرلیا۔پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس ڈاکٹر مہیش کمار کی سربراہی میں شروع ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے تھیلیسمیا بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیما مائنر والے والدین کی شادی پر ہم پابندی نہیں لگوا رہے ، شادی سے قبل دلہا اور دلہن کے تھیلیسیما ٹیسٹ کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 سے 8 فیصد آبادی تھیلیسیما مائنر ہیں۔ اسلام آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کرنا چاہتے ہیں۔ شادی سے قبل ٹیسٹ کو لازمی قرار نہیں دیں گے، دلہا دلہن کی رضامندی سے ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دورانِ اجلاس اسپیشل سیکرٹری نے بتایا کہ لا ڈویڑن سے ابھی بل پر جواب نہیں آیا، مزید بیماریوں کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پرائیویٹ ممبر کو سپورٹ نہیں کیا جاتا، میں تھیلیسیما کے حوالے سے بل لائی ہوں۔اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ یہ اچھا بل ہے، اس میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ہمیں اس بل کو متفقہ طور پر پاس کرنا چاہیے، ووٹنگ نہیں کروائیں گے۔ بعد ازاں جے یو آئی کی ممبر عالیہ کامران کے سوا تمام ممبران نے بل پاس کر دیا۔