آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمیدکا سرحد چیمبر پشاور کا دورہ، تاجر رہنمائوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

منگل 22 اپریل 2025 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے سرحدچیمبر آف کامرس پشاورکا دورہ کیا۔سی سی پی او پشاور قاسم علی خان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔سرحد چیمبر آف کامرس پہنچنے پر صدر سرحد چیمبر آف کامرس فضل مقیم خان ، سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان اور دیگر معزز ارکان نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔

سرحد چیمبر آف کامرس کے ارکان نے انہیں آئی جی خیبر پختونخواہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انکی آمد کو نیک شگون قرار دیا۔ ارکان نے آئی جی پی کو تاجروں کو درپیش مشکلات اور مسائل بارے آگاہ کیا۔ آئی جی خیبر پختونخواہ نے موقع پر ہی سی سی پی او پشاور قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشن پشاور مسعود بنگش کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہر ایک کو اپنی تجارت اور روزمرہ کی سرگرمیاں بلا خوف و خطر بطریق احسن جاری رکھنے کیلئے پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائیگا۔

سرحد چیمبر آف کامرس کے ارکان نے آئی جی خیبر پختونخوا کی آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ تاجر برادری ہر قدم پر اپنی پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔ تقریب کے اختتام پر صدر سرحد چیمبر آف کامرس فضل مقیم خان نے تمام ارکان کی جانب سے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کو روایتی پگڑی پہنائی اور اعزازی شیلڈبھی پیش کی۔