پشاور،صحت کارڈ کے تحت گردوں کی پیوندکاری اور قوتِ سماعت کی بحالی سروسز کا باقاعدہ افتتاح

جمعرات 24 اپریل 2025 23:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں’’ٹرانسپلانٹ اینڈ ایمپلانٹ‘‘ صحت کارڈ سکیم کے تحت گردوں کی پیوندکاری اور قوتِ سماعت کی بحالی سروسز کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کو سماعت کی مشینیں لگائی گئیں اور دو مریضوں کے کامیاب گردوں کے ٹرانسپلانٹ کیے گئے، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل شہزاد نے مشیر صحت کو سروسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

مشیر صحت احتشام علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں حکومت صحت کی سہولیات کو عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم عوام کے لیے نئی زندگی کی نوید ہے۔ اس موقع پر مشیر صحت نے گردوں کے ٹرانسپلانٹ شدہ مریضوں کی عیادت کی جنہوں نے وزیراعلیٰ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران بچوں کو کواکولر ایمپلانٹ مشینز لگائی گئیں جنہوں نے پہلی بار اردگرد کی آوازیں سن کر ردِعمل دیا۔ مشیر صحت نے کہا کہ اب تک ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ میں 15 بچوں کو یہ جدید سماعتی آلات لگائے جا چکے ہیں۔ یہ سہولت’’ٹرانسپلانٹ اینڈ ایمپلانٹ‘‘ کارڈ کا مستقل حصہ بن چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :