پانی زندگی ہے مگرغفلت موت کا سبب بن سکتی ہی: مریم نواز

جمعہ 25 جولائی 2025 22:11

پانی زندگی ہے مگرغفلت موت کا سبب بن سکتی ہی: مریم نواز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈوبنے سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اہم پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں احتیاطی تدابیر اپنانے کا شعور دیتا ہے، کیونکہ کوئی بھی ڈوب سکتا ہے مگر کسی کو ڈوبنا نہیں چاہیئے، جو کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) کا تھیم بھی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پانی زندگی کی علامت ضرور ہے، مگر بے احتیاطی کی صورت میں یہ موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں لوگ صرف لاپروائی کے باعث ڈوب کر جان کی بازی ہار دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

حالیہ سیلابی ریلوں میں کئی افراد کا ڈوبنا انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں نہروں، ندی نالوں، جھیلوں اور دریاؤں میں نہانے پر پابندی عائد ہے۔ اس پابندی پر عمل درآمد کے لیے وارننگ سائن، سسٹم اور مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ڈوبنے سے بچاؤ کے لیے پوری طرح متحرک ہیں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو ندی نالوں، نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے باز رکھیں۔انہوں نے عوام سے محکمہ موسمیات اور انتظامیہ کی جانب سے جاری الرٹس کو سنجیدگی سے لینے اور خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی۔