گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کی ملاقات

جمعہ 25 جولائی 2025 16:33

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایتھوپیا کے پاکستان میں تعینات سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے ملاقات کی۔ گورنر ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، خیبر پختونخوا میں تجارت ،ٹورازم اور دیگر سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ایتھوپیا کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1958ء سے پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات ہیں جنہیں 1972ء میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں مزید تقویت ملی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا بہادر لوگوں کی سرزمین ہے، سوات کی خوبصورتی سے ہم سب متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا مختلف شعبہ ہائے زندگی میں مماثلت کے حامل ہیں، موسمیاتی تبدیلوں کے حوالے سے ایتھوپیا اور پاکستان یکساں متاثر ہو رہے ہیں، ہمیں اس حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہوگا اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرین لیگیسی فورم کا وفد جلد ہی خیبرپختونخوا سمیت پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کلچر اور بزنس ایجوکیشن پر ہمیں باہمی تعاون کرنا ہوگا ،گرین پاکستان اور گرین ایتھوپیا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ایتھوپین سفیر نے گورنر خیبر پختونخوا کو تجارتی وفد کے ہمراہ ایتھوپیا کے دورہ کی دعوت دی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا ایشیا کا گیٹ وے ہے اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع یہاں پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مذہبی ٹورازم کے بہت زیادہ مقامات موجود ہیں جبکہ گندھارا تہذیب بھی دنیا بھر کی توجہ کی حامل ہے۔